پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں شدت آگئی ہے اور ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی سب سے زیادہ مہلک وبا سے متاثر ہے جہاں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح اب 18 فیصد سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔ کورونا کے پھیلاؤ نے شہر قائد میں پاکستان سپرلیگ کے میچز کے انعقاد پر بھی سوالیہ نشان لگادیا ہے اور پی ایس ایل کو ایک ہی شہر تک محدود کرنے پر غور بھی کیا جانے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے لیگ کے انعقاد کے سلسلہ میں حکومتی سطح پر رابطہ بھی کیا ہے۔ کورونا کے پیش نظر پی ایس ایل کو ایک شہر میں منعقد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے اور اس صورت میں تمام میچز کی میزبانی کے لئے قذافی اسٹیڈیم لاہور کو فیوورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ لیگ کا آغاز لاہور سے کرنے اور اختتا م کراچی میں کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ سندھ حکومت بھی پی ایس ایل کا آغاز لاہور سے کرانے کی خواہش مند ہے۔
واضح رہے ابتدائی شیڈول کے مطابق پی ایس ایل کا آغاز 27جنوری سے کراچی میں ہونا ہے۔ 7فروری تک میچز کراچی میں ہی شیڈول ہیں جسکے بعد لیگ لاہور منتقل ہوجائے گی جہاں لیگ مرحلہ کے بقیہ میچز سمیت پلے آف اور فائنل میچ کھیلاجاناہے۔
میگاایونٹ کے لئے کورونا ایس او پیز بھی تیار کرلئے گئے ہیں جسکے تحت پاکستان آمد کے بعد غیرملکی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔ منفی نتائج والے پلیئرز کو ایک دن کے بجائے 3 دن آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے۔ کورونا مثبت آنے والے کھلاڑی کو 10 دنوں کے لئے قرنطینہ کردیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دوران اہلخانہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
کورونا ایس او پیز کے مطابق ہر ٹیم کے پاس 22 کھلاڑیوں کا پول ہوگا۔ اگر کسی ٹیم کے 9 کھلاڑی کورونا کا شکار ہوگئے تو بھی 13 کھلاڑیوں کے ساتھ میچ کا انعقاد کیا جاسکے گا۔ 9 سے زائد پلیئرز کے کورونا میں مبتلا ہونے پر میچ کو ملتوی کردیا جائے گا۔ ٹیموں کے منتخب کردہ اسکواڈ کے علاوہ 20 سے 25 کھلاڑیوں کا ایک الگ مشترکہ پول بنایا جائے گا جو بائیو سیکیور ببل میں ہی رہیں گے اور کسی ٹیم کے پاس پلیئرز کم ہونے کی صورت میں اس پول سے فوری طور پر کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل کیا جاسکے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی لیگ کو 27 فروری کو ہی ختم کروانا چاہتا ہے۔ لیگ کے آغاز میں بڑی تعداد میں کھلاڑیوں میں کورونا کی تشخیص پر ٹورنامنٹ 7 دنوں کے لئے ملتوی کیا جائے گا لیکن فروری میں بھی صورتحال برقرار رہی تو فاتح ٹیم کا فیصلہ پلیئنگ کنڈیشن کے مطابق ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے لئے تیار کردہ ایس او پیز پر لیگ کی تمام فرنچائز کے مالکان نے بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔