کورونا کیسز میں اضافہ، محکمہ صحت کی دفاتر، عبادت گاہوں میں سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت

کورونا کے پھیلاؤ اور بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت نے نئے ایس او پیز جاری کردئے۔ دفاتر، عبادت گاہوں سمیت تمام عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق این سی او سی نے سرکاری دفاتر کے لیے کورونا ایس او پیز جاری کیے ہیں جس کے تحت دفاتر کے داخلی راستوں اور واش رومز میں ہینڈ سینیٹائزرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

وزارت صحت نے کہا کہ تمام دفاتر اور عمارتوں کے داخلی راستوں پرلوگوں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے، کورونا کی علامات رکھنے والوں کو دفاتر اور عمارتوں میں داخل نہ ہونے دیاجائے جب کہ نزلہ، زکام اور سانس لینے میں مشکل کی صورت میں کورونا کی تشخیص کےلیے پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کروائے جائیں۔

وزارت صحت نے مساجد، امام بارگاہ سمیت تمام عبادت گاہوں میں بھی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ترجمان وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ تمام عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، ہاتھ ملانے سے گریز کیا جائے، و یکسین یا بوسٹر شاٹ لگوانے کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 47 تک پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 ہزار 305 ٹیسٹ کئے جس میں سے 818 میں عالمی وبا کی تشخیص ہوئی۔ 4 افراد انتقال کرگئے جبکہ اسپتالوں میں زیرعلاج کورونا کے مریضوں میں سے 126 کی حالت تشویشناک ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts