کورونا کا پھیلاؤ، کراچی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کی بے قابو پانچویں لہر کو روکنے کے لئے انتظامیہ نے سخت اقدامات اٹھانا شروع کردئے۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

 

کراچی کے ضلع وسطی کے مخصوص علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ ضلع وسطی سے کورونا کی اومیکرون قسم کے 110 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی رپورٹ پر ضلع وسطی کے گلبرگ ، لیاقت آباد ، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے مخصوص بلاک میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔

 

لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کسی بھی قسم کے اجتماعات اور تقریبات پر پابندی رہے گی اور علاقہ مکینوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ لوگوں کو ماسک کا استعمال لازمی کرنا ہوگا۔ ضلع وسطی کے ان مخصوص علاقوں میں 22 جنوری سے 5 فروری تک لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

 

واضح رہے ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ شہرقائد مہلک وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 42 فیصد سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts