کورونا کا پھیلاؤ، تعلیمی اداروں میں 12 سال سےکم عمر بچوں کی حاضری 50 فیصد کرنے کا فیصلہ

پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور مہلک وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے نئی ایس او پیز کا اطلاق کرنے کا اعلان کردیا۔ کورونا کے مثبت کیسز کے 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 40 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے جسکے باعث این سی او سی کی تعلیمی اداروں کے لئے بنائی گئی نئی ایس او پیز کا اطلاق کراچی پر بھی ہوگا۔

 

این سی او سی کے اجلاس میں 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے لئے اسکولوں میں حاضری 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 12 سال سے کم عمر بچے متبادل دن پر اسکول جایا کریں گے۔ بچوں کو ماسک کے ساتھ ایس او پیز کی پابندی کا خیال رکھنا ہوگا۔

 

12 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لئے تعلیمی عمل 100 فیصد حاضری کے ساتھ جاری رہے گا۔  تاہم صرف مکمل ویکسین شدہ بچوں کو ہی اسکول اور کالج آنے کی اجازت ہوگی۔ بچوں کو ماسک لگانے کے ساتھ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

 

10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ تعلیمی اداروں میں ماسک لگانے اور دیگر ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی نئی ایس او پیز 20 جنوری سے 31 جنوری تک لوگو ہوں گی۔ 27 جنوری کو این سی او سی کے اجلاس میں حالات کا دوبارہ جائزہ لیا جائےگا۔

 

این سی او سی کے نئے ایس او پیز کے مطابق 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں انڈور تقریبات اور ریسٹورنٹ پر انڈور کھانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ریسٹورنٹس پر مکمل ویکسین شدہ افراد کو آؤٹ ڈور کھانے کی اجازت ہوگی۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی سہولت بھی جاری رہے گی۔ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات 300 افراد کے ساتھ آؤٹ ڈور کی جاسکتی ہیں لیکن یہاں بھی تقریبات میں شرکت کرنے والوں کے لئے مکمل ویکسین شدہ ہونا لازمی ہوگا۔

 

دفاتر اور تجارتی سرگرمیاں 100 فیصد حاضری کے ساتھ معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ ورک فرام ہوم کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائےگی۔ پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی۔ مسافروں کے لئے ماسک پہنا لازم ہوگا۔ ریلوے میں 80 فیصد مسافروں کو اجازت دی گئی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts