پاکستان میں کورونا وائر س کے کیسز میں پھر اضافہ ہونے لگا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملکی سطح پر کورونا کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 14 فیصد ریکارڈ کی گئی لیکن ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد سے تجاوز کرگئی۔
حکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کرونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 138 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد تک پہنچ گئی تھی، تاہم آج یہ شرح 21 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 650 کرونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں سے 138مثبت آئے۔ کرونا کی بڑھتی ہوئی خطرناک صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو بوسٹر ڈوز لگوانے کی ہدايت کی ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 78 ہزار 576 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 8 ہزار 109 ہو گئیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 268 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 104 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 385 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 32 ہزار 738 ہو چکی ہے۔