پاکستان سپر لیگ کے آغاز میں ایک ہفتہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے لیکن ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز نے لیگ کے لئے بھی خطرہ بڑھا دیا ہے۔ پی ایس ایل 7 کا آغاز 27 جنوری سے کراچی میں ہونا ہے اور شہر قائد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 46 فیصد سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کراچی میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ اگر کورونا زیادہ پھیلا تو لیگ کو ملتوی کرنے کا پلان موجود ہے۔ لیکن ایک ہفتہ کے وقفہ کے بعد ایونٹ کے دوبارہ انعقاد کو ممکن بنایا جائے گا۔
سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کی جتنی تیاری کرسکتے تھے وہ کرلی ہے۔ کورونا عالمی وبا ہے اور یہ پوری دنیا پر اثر انداز ہورہی ہے۔ پی ایس ایل کو جاری رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ کھلاڑیوں ، پروڈکشن کریو اور اسٹاف کا بیک اپ موجود ہے۔
پی ایس ایل سیون کے دوران کوئی کتنا ہی بڑا کھلاڑی کیوں نہ ہو اسے کورونا پروٹوکولز پر عمل کرنا ہوگا۔ کراچی سے لاہور سفر کے لئے چارٹرڈ فلائٹ کا استعمال کیا جائےگا۔