کراچی میں جرائم پیشہ افراد بے لگام ہوگئے۔ کورنگی بلال کالونی کے قریب گارمنٹس کی ایک فیکٹری کو لوٹ لیا گیا۔ پانچ مسلح ملزمان رات گئے فیکٹری میں داخل ہوئے اور 70 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح ملزمان نے پہلے فیکٹری کے گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینا اور فیکٹری میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے اکاؤنٹ ڈپارٹمنٹ کی تجوری میں موجود 70 روپے لوٹے۔ ملزمان ایک گھنٹے تک فیکٹری میں موجود رہے۔
پولیس نے فیکٹری انتظامیہ سے سی سی ٹی وی فوٹج طلب کرلی جس میں ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فیکٹری میں ڈکیتی کی واردات رات ڈیڑھ بجے کے قریب ہوئی۔
ہفتہ وار تعطیل کے باعث فیکٹری کا اکاؤنٹ ڈپارٹمنٹ بند تھا جبکہ فیکٹری میں زیادہ نقد رقم بھی موجود نہیں تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی تلاش کے لئے کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔