چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے افسوس کا باعث ہے ، البتہ کھلاڑی نیوزی لینڈ کے اس مایوس کن فیصلے کا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں ۔
رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ”کرکٹ مداحوں کا اور میرا دکھ ایک ہی ہے، جو ہوا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ہوا“
رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں،جب پاکستان دنیا کی بہترین ٹیم بن جائےگی تو ہمارے ساتھ ٹیمیں کھیلنے کے لیے لائنیں لگا دیں گی۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ "پاک نیوزی لینڈ سیریز کے منسوخ ہونے سے پاکستان کی ہوم کرکٹ پر دباؤ بڑھا ہے، لیکن پاکستان کرکٹ پہلے بھی ایسی صورت حال سے گزر چکی ہے۔ ہم میں ہر قسم کے حالات سے نبرد آزما ہونے کی قوت ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہم ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے ورلڈ کلاس ٹیم بنانےکی صلاحیت رکھتے ہیں” ۔
خیال رہے کہ اس معاملے پر گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے خود نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے بھی بات کی اور انہیں سمجھایا کہ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیز دنیا کے بہترین انٹیلی جنس سسٹمز میں شامل ہیں اور ان کی رائے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے، تاہم نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے احتیاط کی پالیسی کے پیش نظر دورہ ملتوی کرنے کی استدعا کی۔