کراچی کے 35 بچت بازاروں میں خصوصی مراکز قائم، آٹا 40 روپے فی کلو دستیاب ہوگا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی اور حیدرآباد میں سستے آٹے کی فروخت کیلئے خصوصی مراکز قائم کردئے گئے۔  کراچی میں 35 بچت بازاروں میں آٹا اسٹال لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

بچت بازاروں میں آٹےکےسرکاری اسٹال لگائےجائیں گے، فیصلہ عوام کوریلیف اوررعایتی نرخوں پرآٹافراہمی کیلئے کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کے تحت قائم کئے جانے والے مراکز پر آٹا 40 روپے فی کلو دستیاب ہوگا، 10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے کا ہوگا۔

 

کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک سے رابطے کا حکم دے دیا ہے۔ بچت بازاروں کا انتخاب پورے ضلع کے شہریوں کی آسانی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

 

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں مقررہ مقامات سے 40 روپے فی کلو آٹا دستیاب ہوگا، نیز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ متحرک ہے۔

 

کراچی میں اتوار بازار گلشن اقبال بلاک اے 10 اور بلاک 7 ، بدھ بازار بلاک اے 10، ہفتہ بازار پہلوان گوٹھ اور موسمیات بچت بازار میں سستے آٹے کی فروخت کیلئے اسٹال قائم کئے گئے ہیں۔

 

خواجہ غریب نواز مارکیٹ اورنگی ٹاؤن، 5 ڈی سرجانی ٹاؤن، ایشیا گراؤنڈ اورنگی، ٹنکی اسٹاپ سرجانی اور عید گاہ گراؤنڈ ٹنکی اسٹاپ سرجانی میں سندھ حکومت نے مراکز قائم کئے ہیں۔

 

پیر بازار 20 ایف بی ایریا، اتوار بازار ٹو کے اسٹاپ نارتھ ناظم آباد، جمعرات بازار ایف سی ایریا اور پیر بازار 5 ڈی نیو کراچی میں بھی اسٹال لگائے گئے ہیں۔

 

بدھ بازار گلشن حدید 2، پپری گراؤنڈ، کاٹھور بازار گڈاپ، جعفر طیار سوسائٹی مراد میمن اور جمعرات بازار ابراہیم حیدری، کیماڑی کالونی، ماڑی پور عید گاہ گراؤنڈ بچت بازار، بلدیہ ٹریننگ سینٹر سعید آباد، گٹر باغیچہ گراؤنڈ بچت بازار اور مچھر کالونی میں مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

 

کلفٹن بلاک 1، ہزارہ کالونی بالمقابل نیول ہائٹس صدر، نیا آباد مارکیٹ لیاری، پونا بائی ٹاور گارڈن اور لی مارکیٹ چوک میں سستے آٹے کے اسٹال لگائے گئے ہیں۔

 

اتوار بازار عید گاہ کورنگی ساڑھے 3, جمعہ بازار عید گاہ گراؤنڈ لانڈھی، منگل بازار شاہ فیصل کالونی 3، ہفتہ بازار کالا بورڈ اور بدھ بازار گولڈن گراؤنڈ کورنگی میں سندھ حکومت کے سستے آٹے کے اسٹال لگائے گئے ہیں۔

 

واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی ، جس میں شہباز شریف نے مراد علی شاہ کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔

 

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts