کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بونداباندی، کل سے تیز بارش متوقع

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کے اثرات نظر آنے لگے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ملیر ، لانڈھی ، کورنگی ، گلشن اقبال ، صدر ، گارڈن، ڈیفنس اور کلفٹن سمیت متعدد علاقوں میں بھی رم جھم ہوئی۔ آج بھی شہر میں بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان ہے ۔

 

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، دن میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا اور ہوائیں 38 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت سے سسٹم آج رات پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جب کہ سندھ میں کل سے یہ سسٹم فعال ہو جائے گا، جو کراچی میں بھی اثر انداز ہوگا۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے اس سسٹم سے کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان اور اربن فلڈ کا خدشہ ہے۔ کراچی میں بارشوں کا سلسلہ کل سے شروع ہوجائے گا لیکن ہیوی اسپیل 3 جولائی کی صبح شروع ہونے کا امکان ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts