محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خوشخبری سنادی۔ رواں ماہ کے آخری ہفتے سے مون سون بارشوں کے آغاز کی پیشگوئی کردی۔
گزشتہ رات اور آج صبح کے اوقات میں کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی رات اور صبح کے وقت بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں جون کے مہینے میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ دن کے اوقات میں موسم ضرور گرم اور مرطوب رہے گا لیکن مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں جون کے آخری ہفتے میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کی پیشگوئی کی ہے۔ مون سون بارش کا پہلا اسپیل شہر کے بیشتر علاقوں کو متاثر کرے گا جبکہ جولائی میں بھی مون سون بارشوں زیادہ شدت کے اسپیل آسکتے ہیں۔