کراچی میں ڈاکوؤں نے نوجوان طالب علم کی جان لے لی۔ ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے نوجوان پر فائرنگ کردی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں پیش آیا۔ نوجوان جم سے واپس گھر آرہا تھا کہ دو ملزمان نے روکا اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے جاں بحق طالب علم کی شناخت لاریب کے نام سے ہوئی ہے۔ لاریب کو ڈاکوؤں کی ایک گولی آنکھ کے قریب لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کے پاس سے موبائل فون نہیں ملا ہے۔
مقتول کے والد کے مطابق لاریب بیچلرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن (بی بی اے) کا طالب علم تھا اور بیسک اکاؤنٹنگ کی کتاب بھی لکھ رہا تھا، 6 مارچ کو اس کی کتاب کی رونمائی تھی۔
مقتول کے والد کے مطابق موبائل فون میں لاریب کی کتاب کا ڈیٹا موجود تھا جس کی وجہ سے اس نے مزاحمت کی، لاریب کی منگنی ہوچکی تھی، آئندہ برس شادی تھی۔