شہر قائد میں ڈیفنس فیز 7 کے قریب خالی پلاٹ میں موجود ڈرم سے خاتون کی لاش ملی ہے، علاقہ مکینوں نے واقعے کی اطلاع تھانہ ڈیفنس کے ایس ایچ او کو دی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے بتایا کہ پولیس نے موقع پرپہنچ کرلاش کو پانی کے ڈرم سے نکالا جبکہ لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ لاش 3 سے 4 روز پرانی ہے، فی الحال شناخت ممکن نہیں، مقتولہ کی عمر 35 سے 40 سال کے قریب بتائی جاتی ہے اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے اطراف لگے ہوئے کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کیا جارہا ہے تاکہ ان فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے میں مدد مل سکے ۔
پولیس کی سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے، خاتون کی شناخت کے لیے ڈی این اے کے نمونے پولیس کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش 4 سے 5 دن پرانی ہے۔
دوسری جانب سے پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت کے لیے فنگر پرنٹس حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لاش زیادہ مسخ ہونے کی وجہ سے فنگر پرنٹس حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا رہا۔