کراچی کے علاقے ملیر سے پولیس نے خطرناک دہشتگرد کو گرفتار کرکے دھماکا خیز مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق دہشتگرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگرد کی شناخت میر سردار کے نام سے ہوئی جو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کا رہائشی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو دہشتگرد کے قبضے سے 5 پیکٹ دھماکا خیزمواد، ایک بیٹری، 2وائر اور ایک پیکٹ بال بئیرنگ برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے2003 میں تحریک طالبان پاکستان میں شمولیت اختیار کی، ملزم دہشتگردی کی متعدد وارداتوں کی سہولت کاری میں بھی ملوث رہا ہے۔
ملزم نے مزید بتایا کہ وہ آئی ای ڈی بنانے اور لگانے میں ماہرہے، اس نے 2007 میں ڈی آئی خان میں این جی او کے آفس پر حملے سمیت اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایف سی فورٹ ٹینک پر حملہ بھی کیا تھا جس میں ایف سی کے دس جوان شہید ہوئے۔