کراچی کے علاقے قائد آباد میں مسلح افراد نے توحید محلہ میں گھر کا صفایا کردیا۔ ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح افراد 56 لاکھ روپے نقدری اور 28 تولہ سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ افراد نے مقدمہ قائد آباد کے تھانے میں درج کرادیا ہے اور پولیس نے ڈکیتی کی واردات پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ درج کرائے گئے مقدمہ کے متن کے مطابق ڈکیتی کی واردات کا واقع صبح سویرے پیش آیا۔ ڈکیتی کی واردات میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جنہوں نے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا اور دروازہ کھولنے پر خاتون سمیت 6 مسلح افراد گھر میں داخل ہوگئے۔
ڈاکوؤں نے گراؤنڈ فلور پر موجود تجوری سے 33 لاکھ روپے نقدی، 3 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ ، ساڑھے 5 تولہ سونا لوٹ لیا۔ ڈاکو لائسنس یافتہ پستول بھی ساتھ لے گئے۔
ملزمان دوسری منزل سے ساڑھے 4 تولہ سونا اور لائسنس یافتہ پستول ساتھ لے گئے جبکہ ٹاپ فلور سے ڈاکوؤں نے 23 لاکھ روپے نقدی اور 18 تولہ طلائی زیوارت لوٹ کر لے گئے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان گھر سے 3 مہنگے موبائل بھی لے گئے جبکہ ڈکیتی کرنے کے بعد خاتون سمیت ساتوں ملزمان سفید رنگ کی کار میں فرار ہوگئے۔