کراچی کے علاقے عزیز آباد میں لوٹ مار کے دوران شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا اور دوسرا زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق لوٹ مار کے دوران شہری کی فائرنگ کا واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا، جس میں عزیز آباد کے علاقے میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جب کہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کار سوار شہری دودھ کی دکان پر خریداری کے لیے آیا تھا، اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی اور اس دوران شہری نے اپنے پستول سے فائرنگ کردی، جس سے ایک ڈاکو ہلاک اور اس کا ساتھی زخمی ہوا، جو موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور عینی شاہدین سے معلومات لینے کے علاوہ شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے ملزم کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔