کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ پولیس نے 96 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا ایرانی ڈیزل سے بھرا ٹینکر پکڑلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ پولیس نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے 96 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے ایرانی ڈیزل سے بھرا آئل ٹینکر قبضے میں لے کر ٹرک ڈرائیور سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ ہینو ٹرک میں موجود 31,000 لیٹر نان کسٹم پیڈ ایرانی ڈیزل برآمد ہوا جبکہ نان کسٹم پیڈ ایرانی ڈیزل کی مالیت پاکستانی مارکیٹ میں 96 لاکھ 67 ہزار 40 روپے بتائی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد قاسم ولد محمد جان اور محمد یٰسین ولد رسول بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام نے مزید بتایا کہ نان کسٹم پیڈ ڈیزل اور گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔