کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا علاقائی عہدیدار شوکت حماد جاں بحق ہوگیا۔ گزشتہ چند روز میں پیپلز پارٹی کے دوسرے عہدیدار کو قتل کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اتحاد ٹاؤن عابد آباد میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے پیپلزپارٹی کے علاقائی عہدیدار کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت شوکت کے نام سے ہوئی ہے، مقتول سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کا علاقائی عہدیدار تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے، مقتول گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ مسلح ملزمان نے لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر مقتول کو سر اور سینے پر تین گولیاں لگی ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اور گولیوں کے خول جمع کیے ہیں جبکہ قتل کے حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
چندروز قبل اورنگی ٹاؤن میں بھی پیپلزپارٹی کے عہدیدار کو قتل کیا گیا تھا جسکے مرکزی ملزم کو آج گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس چیف کراچی کے مطابق گرفتار ملزم امجدحسین کی ٹارگٹ کلنگ میں براہ راست ملوث ہے، ملزم کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے۔
پولیس چیف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے مقتول کواس کےرابطہ آفس کےسامنے نشانہ بنایا تھا، 10گولیاں فائرکی گئی تھیں ، واقعہ کس بناءپرپیش آیا، اس حوالےسےتحقیقات کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نےدوران تفتیش قتل کااعتراف کرلیا،ڈسٹرکٹ پولیس کےعلاوہ سی ٹی ڈی بھی اس کیس پرکام کررہی ہے، ملزم کی نشاندہی پردیگرساتھیوں کی گرفتاری کیلئےچھاپےجاری ہیں ۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے11 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سیاسی جماعت کا علاقائی عہدیدار جاں بحق ہو گیا تھا۔