پاکستان میں بڑھتی مہنگائی نے روزمرہ ضروریات کی چیزوں کو بھی پر لگادئے ہیں۔ سب سے بنیادی ضرورت کے لئے استعمال ہونے والا آٹا بھی مہنگا ہوچکا ہے لیکن کراچی کے شہری دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفت روزہ رپورٹ کے مطابق شہرقائد میں آٹا ملک میں سب سے زیادہ مہنگا فروخت ہورہا ہے۔ ایک ہفتہ میں کراچی میں آٹا کا 20 کلو کا تھیلا 40 روپے تک مذید مہنگا ہوگیا اور اسکی قیمت ریکارڈ 1600 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
دستاویز کے مطابق خضدار میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 80 روپے مہنگا ہوکر 1500 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ جبکہ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 10 روپے اضافہ کے بعد 1480 روپے ہوگئی ہے۔ سکھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1420 روپے اور لاڑکانہ میں 1400 روپے ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد،راولپنڈی، گجرانوالہ،سیالکوٹ ،لاہور،فیصل آباد،سرگودھا ، ملتان،بہاولپور،پشاوراوربنوں میں20کلو آٹے کاتھیلا 1100 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے۔