وفاقی حکومت نے کراچی میں کامیاب دکاندار پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جسکے مطابق کراچی کے شہریوں کو 20 لاکھ روپے تک بغیر سیکیورٹی کے قرضے دئے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ضلع کورنگی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک کی تقسیم کے دوران کیا۔
عثمان ڈار کاکہنا تھاکہ کراچی میں اب تک تین ارب روپے سے زائد کے قرضہ جات تقسیم کئے جاچکے ہیں۔مزید روزگار فراہم کرنے کے لئے کامیاب دکاندار پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ کراچی میں 2 ہزار دکانیں کھولی جائیں گی اور کاروبار کے لئے 20 لاکھ روپے تک بغیر سیکیورٹی قرضہ دیا جائیگا۔
تقریب میں گورنرسندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھاکہ کامیاب جوان پروگرام کی کامیابی نوجوانوں کا وزیراعظم پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔