کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی 5 روپے 27 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست

کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی گئی۔ شہرقائد میں بجلی کی ترسیل کے ادارے کے الیکٹرک نے نیپرا کو بجلی 5 روپے 27 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔ درخواست مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئی ہے۔

 

بجلی کے نرخوں میں اضافے سے کراچی کے بجلی صارفین پر 8 ارب 59 کروڑ سے زائد کا بوجھ پڑے گا ، کے الیکٹرک کی درخواست پر نیپرا میں 27 اپریل کو سماعت ہوگی۔

 

واضح رہے گذشتہ روز سی پی پی اے نے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کی تھی ، جس کے بعد ملک میں بجلی 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

 

سی پی پی اے نے درخواست میں کہا تھا کہ مارچ میں 10 ارب یونٹ سے زائد بجلی پیدا کی گئی، پانی سے 16.35 فیصد اور کوئلے سے 24.83 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

 

سی پی پی اے کے مطابق مارچ میں مہنگے فرنس آئل سے 10.62 فی صد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 9.53، درآمدی ایل این جی سے 18.87 فی صد بجلی پیدا کی گئی، اور جوہری ایندھن سے 15.01 فی صد بجلی پیدا کی گئی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts