کراچی کے ساحل پر غیرملکی وی لاگر سے فراڈ کرنے والا گرفتار

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سیاحت کی غرض آئے روز غیرملکی سیاح آتے رہتے ہیں۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے معروف وی لاگر لیوک ڈیمنٹ بھی ان دنوں کراچی میں موجود ہیں لیکن انکے ساتھ ساحل پر ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

 

لیوک ڈیمنٹ نے انکے ساتھ فراڈ کرنے والے نوجوان کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کردی۔ ساحل پر گھومنے کیلئے لیوک گھوڑے کی سواری کیلئے ایک لڑکے سے رجوع کرتے ہیں۔ گھوڑے پر سیر کرانے والا لڑکا غیر ملکی سیاح سے سواری کے خود سے 200 روپے مانگتا ہے اور ایک چکر لگوا کر 3 ہزار روپے طلب کرنے لگتا ہے۔

 

ویڈیو بناتے ہوئے غیر ملکی وی لاگر اسے طے شدہ رقم دو سو روپے دینے کی کوشش کرتا ہے مگر لڑکا 3 ہزار روپے پر بضد رہتا ہے۔ لیوک اسے 500 روپے کا نوٹ دیتے ہیں تو وہ اسے پھینک دیتا ہے۔

 

اس موقع پر ایک اور شہری غیر ملکی سیاح کے 500 روپے میں اپنی جیب سے مزید 500 روپے ملا کر گھوڑے والے کو 1 ہزار دے کر معاملہ ختم کراتا ہے۔

 

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کراچی پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے غیر ملکی وی لاگر سے بدتمیزی اور اضافی پیسہ طلب کرنے والے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔ گھوڑے کا مالک زبیر شیریں جناح کالونی کا رہائشی ہے جہاں اسے گھر کے باہر سے حراست میں لیا گیا۔


پولیس حراست کے بعد زبیر نے غیرملکی وی لاگر لیوک ڈیمنٹ سے معافی مانگ لی۔ زبیر نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ عمل کی معافی مانگتے ہیں اور آئندہ تمام افراد سے تمیز سے پیش آئیں گے اور سب کا عزت و احترام کریں گے۔

 

لیوک نے فوری ایکشن پر کراچی پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ پر انکا کہنا تھاکہ گھوڑے کی سواری کروانے والا شخص نوجوان ہے امید ہے وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھے گا۔ لیوک نے تمام لوگوں سے زبیر کے ساتھ اچھے اخلاق کے ساتھ پیش آنے کی بھی اپیل کی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts