پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کی مارکیٹوں میں 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ پھیلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سمن آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی نوٹوں کی ترسیل میں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سمن آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے جعلی کرنسی کی ترسیل میں ملوث گینگ گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں اعجاز احمد، حارث اور سعید خان شامل ہیں۔
ملزمان جعلی نوٹ چلانے کیلئے ملک شاپ، بیکری اور جنرل اسٹور کا انتخاب کرتے تھے۔ ملزمان نے مزید بتایا کہ کراچی میں روزانہ 5ہزار والے4 سے5 جعلی نوٹ چلاتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان چھوٹی دکانوں میں باآسانی نوٹ چلانے میں کامیاب ہوجاتے تھے، ملزمان نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے ایسے نوٹ چلارہے ہیں، ملزمان سے مجموعی طور پر9لاکھ 20ہزار مالیت کے جعلی نوٹ برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے5ہزار کے184جعلی نوٹ برآمد کرلیے گئے ہیں،ملزمان 5ہزار والے نوٹوں کی ترسیل اور اسمگلنگ کام کرتے تھے۔
ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے بتایا کہ وہ پنجاب کے علاقے صادق آباد سے 2 لاکھ روپے کے عوض 10 لاکھ روپے کے جعلی 5 ہزار روپے کے نوٹ حاصل کرتے تھے اور کراچی میں چلاتے ہیں۔