پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر متحدہ قومی موومنٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے ایم کیوایم پر کراچی کو لوٹنے کا الزام بھی عائد کیا۔
سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مہاجروں کو سرکاری نوکریاں نہیں مل رہیں، گزشتہ حکومت کی پالیسی کی وجہ سے مہنگائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم گزشتہ حکومت کےساتھ بھی تھی،اس کےساتھ بھی ہے، ہمیں چوروں نے نہیں لوٹا، ہمارا چوکیدار چوروں سے مل گیا ہے۔
سربراہ پی ایس پی کا کہنا ہے کہ کراچی کی رکھوالی کی دعویدار ایم کیوایم نے ہی ہمیں لوٹا ہے، ایم کیو ایم کے پاس ابھی بتانے کیلئے کچھ نہیں ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی پی اور ایم کیو ایم مک مکا کرکے ایڈمنسٹریٹر لانا چاہتی ہے، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے گٹھ جوڑ کو مسترد کرتے ہیں، عوام اس کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہا سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مسائل ہیں، مہاجر قوم اپنے دشمنوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے، کراچی کے مسائل کا حل صرف پاک سرزمین پارٹی کے پاس ہے۔