کراچی کرائم انڈیکس میں نئی دہلی، شکاگو سمیت کئی شہروں سے بہتر ہے، آئی جی سندھ

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کراچی شہر کو کرائم انڈیکس میں شکاگو، نئی دہلی، کوالالمپور، ڈھاکہ سمیت دنیا کے کئی بڑے بڑے شہروں سے بہتر قرار دیا ہے۔

 

اے آر وائی نیوز کو دئے گئے انٹرویو میں غلام نبی میمن نے کراچی میں جرائم کے گراف میں کمی کا دعوٰی کیا۔ آئی جی سندھ نے کہا ورلڈ کرائم انڈیکس میں کراچی کا کرائم گراف دن بدن نیچے آ رہا ہے۔

 

ایک وقت تھا جب کراچی کرائم انڈیکس میں 13 ویں نمبر پر تھا، آج کراچی 129 نمبر پر ہے، دنیا کے بڑے شہروں شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے۔

 

آئی جی سندھ نے اسٹریٹ کرائم سے متعلق کیسز کے فیصلے فوری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا پہلو ہے جس پر اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر غور کرنا ہوگا، پولیس کو احکامات ہیں کہ اسٹریٹ کرائم پر فوری رپورٹ درج کریں، اندراج سے ہی اندازہ ہوتا ہے کتنے کیسز رپورٹ ہوئے۔

 

انھوں نے ایک اہم نکتہ اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کیس پراپرٹی کا قانون بنانا چاہیے، تاکہ عدالت میں ثبوت کے طور پر دکھائے جانے کے بعد پراپرٹی فورا مالک کو واپس مل جائے۔

 

آئی جی سندھ نے کہا مجھے پیشہ وارانہ طور پر جو کام کرنے چاہیے وہ میں کر رہا ہوں، حکومت چاہتی ہے کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہو، ہم چاہیں گے کہ بہترین پولیسنگ کرکے عوام کو سہولیات فراہم کریں ۔

 

غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کو بہتر سے بہتر ہونا چاہیے، ہماری پوری کوشش ہے کہ پولیس کی نفری کو بڑھائیں، انویسٹیگیشن برانچ میں بہتری کی کوشش کر رہے ہیں۔

 

شہریوں کی مدد سے 44 ہزار کیمرے لگائے جا چکے ہیں، شہر کی بہتری کے لیے اچھے کام ہو رہے ہیں، اور حکومت سندھ کے تعاون سے سیف سٹی پروجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts