وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم سندھ مراد علی شاہ کو کراچی کا امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہر کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات اور شہر میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو سندھ کی انتظامی و امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ کراچی میں گزشتہ دنوں رونما ہونے والے دہشتگردی کے واقعات پر بھی بریفنگ پیش کی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کو کراچی کا امن و امان خراب کرنے کی کسی طور اجازت نہیں دیں گے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہے کہ کراچی کی ترقی و خوشحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومت بھرپور تعاون سے کام کریں گی۔
واضح رہے گزشتہ ایک ماہ میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک ماہ کے دوران شہر قائد میں تین بم دھماکے کئے جاچکے ہیں۔ پہلے دھماکہ جامعہ کراچی میں کیا گیا۔ دوسرا دھماکہ صدر جبکہ تیسرا بولٹن مارکیٹ کے قریب بازار میں کیا گیا۔