پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں پولیس نے 1300 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ لاکھوں روپے کی منشیات بھی ضبط کرلی گئی۔
کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کی جانے والی کارروائیوں کی اعداد و شمار جاری کردئے ہیں۔ کراچی پولیس کے مطابق شہر بھر میں ایک ہفتے کے دوران 1 ہزار 331 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق مختلف مقابلوں میں 4 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 30 ڈاکوؤں سمیت 31 سے زائد ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار کئے جانے والے منشیات فروش ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی جبکہ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے 149 سے زائد غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
کراچی پولیس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 54 موٹرسائیکلیں اور 7 گاڑیاں تحویل میں لی گئیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان کو تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔