کراچی پولیس نے اعلیٰ حکام کو خط کے ذریعے شہر قائد میں مقیم غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کرنے کی سفارش کردی۔ پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم یہ افغان باشندے زمینوں پر قبضے ، منشیات فروشی ، قتل اور اسٹریٹ کرائمز سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔
ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ سہیل فیض نے ایس ایس پی شرقی کو خط تحریر کیا ہے جس میں افغان شہریوں کے ملک مخالف سرگرمیوں، زمینوں پر قبضے، قتل، منشیات فروشی، اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
خط میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سہراب گوٹھ فیکٹری ایریا، سبزی منڈی اور اطراف میں روزانہ کی بنیاد پر افغان شہری بڑی تعادد میں آ رہے ہیں۔
ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ کے مطابق ان لوگوں نے گزشتہ دنوں سپر ہائی وے بلاک کرکے امن وامان کی سنگین صورتحال پیدا کی تھی، شر پسندوں کے خلاف سہراب گوٹھ سمیت ضلع شرقی میں پانچ مقدمات بھی درج ہیں۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ تین روز قبل پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے دو درجن سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف فارن ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی غیر قانونی مقیم اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا رہا ہے اب دوبارہ ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔