پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا کے وار تھم نہ سکے۔ شہرقائد میں کورونا کے پھیلاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 20اعشاریہ22فیصدہوگئی ہے۔ گزشتہ روز 6048 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 1ہزار223 افراد کورونا میں مبتلاپائے گئے۔کراچی میں کورونا کی جنوبی افریقی قسم اومیکرون کے کیسز کی شرح بھی 95فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔
صوبائی سطح پر سندھ دیگر صوبوں کے مقابلوں میں سب سے زیادہ متاثر ہے۔سندھ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4لاکھ 90ہزار10ہوچکی ہے۔پاکستان کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 2ہزار74 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے۔ملکی سطح پر کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.70فیصد ہوگئی ہے۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پاکستان کا 40واں نمبر ہے۔