پاکستان کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ کے لئے آسٹریلیا نے اپنی گیارہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ مچل سوئپسن کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ 2009 کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیا نے ٹیسٹ فارمیٹ میں اسپیشلسٹ لیگ اسپنر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا ہے۔
کراچی میں پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بتایا کہ کراچی کی پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، فاسٹ بولر ہیزل ووڈ کی جگہ مچل سوئپسن ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ امید ہے کہ اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں وہ توقعات پر پورا اتریں گے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی تاریخ ہے کہ یہاں اسپنرز زیادہ کامیاب ہوتے ہیں، کراچی میں ریورس سوئنگ ہوسکتی ہے ، ایسا ہوا تو مچل سٹارک خطرناک ثابت ہوں گے۔
پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ پاکستان میں کھیل رہے ہیں، یہاں لوگوں نے بہت زیادہ پیار دیا اور خیال رکھا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم بنالی ہے لیکن اعلان ٹاس پر کریں گے۔ بابراعظم نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں کو پاکستان کی طاقت قرار دیا۔ بابراعظم کا کہنا تھاکہ کبھی بیٹنگ میچ جتواتی ہے اور کبھی باؤلنگ سے فتح یاب ہوتے ہیں۔
قومی ٹیم کپتان کا کہنا تھا کراچی میں تھوڑی گرمی زیادہ ہے۔ دوسرے ٹیسٹ کے لئے بھی بھرپورتیاری کی ہے۔ اس میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں برتری کی کوشش کریں گے۔
بابراعظم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ آسٹریلوی باؤلرز سے ڈر کر فلیٹ بنانے کا تاثر مسترد کیا۔ کپتان نے کہا کہ ہر وینیو کی الگ کنڈیشن ہوتی ہیں۔ گھبرانے والی کوئی بات نہیں ہے۔