شہرقائد میں ٹریفک پولیس نے عدالتی حکم کے مطابق خصوصی مہم کا آغاز کررکھا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق شہر بھر میں پریشر ہارن ، گاڑیوں میں لگی فینسی نمبر پلیٹ ، غیرقانونی یا غیرمنظور شدہ رجسٹریشن نمبر پلیٹ ، رنگین شیشوں ، ریوالونگ لائٹ یا بار ہائٹ استعمال پر مکمل پابندی ہے۔
کراچی پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔ 7 فروری کو شروع ہونے والی مہم میں کراچی پولیس نے صرف 3 روز میں کراچی کے شہریوں پر قانون کی خلاف ورزی پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کئے۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 3 روز میں رنگین شیشوں کی مد میں مجموعی طور پر 1794 چلان کئے گئے جسکے تحت 17 لاکھ 94 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔
بغیر رجسٹریشن کے گاڑی چلانے والوں کے 365 چلان ہوئے جبکہ 1 لاکھ 82 ہزار 500 روپے کے جرمانے کئے گئے۔ بغیر رجسٹریشن کے گاڑی چلانے والوں کی 156 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔
پریشر ہارن استعمال کرنے پر 1641 چلان جاری ہوئے اور 16 لاکھ 41 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے۔ اسکے ساتھ 860 پریشر ہارن ضبط بھی کئے گئے۔
گاڑیوں میں فینسی نمبر پلیٹ لگانے والوں کے 2562 چلان ہوئے اور 12 لاکھ 81 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے، 498 نمبر پلیٹس ضبط کرلی گئیں۔
ہوٹر یا ریوالونگ لائٹ لگانے پر 60 چلان ہوئے جبکہ 30 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے اور اسکے ساتھ ہی 7 لائٹیں ضبط کی گئیں۔