پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی نواز شریف کا ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی کراچی بہت فعال کردار ادا کرے گا۔
نہال ہاشمی نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں میئر ہونے کے باوجود حالات بہتر نہیں ہیں۔ شہر میں پانی کا فقدان ہے، پرانے کاموں پر نئی تختیاں لگائی جارہی ہیں۔
نہال ہاشمی نے مطالبہ کیا کہ واٹربوڈ بنیادی سہولیات درست کرے شہر میں عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کیا جارہا ہے۔ نہال ہاشمی نے میئر کراچی مرتضٰی وہاب پر الزام لگایا کہ میئر کراچی نواز شریف کا نام لے کر اپنا قد بلند نہ کریں۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرلیا اور ملک کے کونے کونے سے لوگ نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے مینار پاکستان لاہور پہنچے۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی نے بھی اپنا حق ادا کیا۔
جو لوگ کہتے تھے کہ کراچی شہر میں نواز شریف کا نام لینے والا نہیں ہے اسی شہر سے ایک کے بعد ایک ٹرین سے جوق در جوق لوگ استقبال کیلئے لاہور گئے اور تمام جانے والے لوگوں کا جذبہ ایک ہی تھا۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ اگر 2018 کے انتخابات میں دھاندلی نہ ہوتی تو کراچی سے لاکھوں کی تعداد میں ووٹ ملتے یہاں کے ووٹرز سے ثابت کردیا ہے کہ کراچی نواز شریف کا شہر ہے۔ ہماری گاڑی جہاں سے بھی گزری ہر اسٹیشن پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ کھڑے تھے۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ یہ آئندہ انتخابات کیلئے ایک سگنل ہے۔ آئندہ انتخابات میں کراچی بہت فعال کردار ادا کرے گا۔ ماضی میں بھی نواز شریف نے سندھ سے ڈاکو راج کا خاتمہ کیا اور جب نواز شریف نے یہاں ترقیاتی کاموں کا آغاز تو لوگوں نے اسے محسوس کیا۔
نہال ہاشمی نے عوام سے درخواست کی کہ آئندہ انتخابات میں لوگ انہیں منتخب کریں جنہوں نے اسکول بنائے، اسپتال بناکر دئے۔ حکومت میں آنے کے بعد مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن ختم کریں گے، نواز شریف امید ہیں اور ہمیں امید چاہئے۔