محکمہ موسمیات نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں آج بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 20 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ قائد آباد میں10.5،کیماڑی 9،نارتھ کراچی 8.7، اورنگی ٹاؤن 8.4 اور کورنگی میں 6.8 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن معمارمیں 6.4،گلشن حدید اورناظم آباد میں 6۔6، مسرور اور فیصل بیس پر 5 جب کہ یونیورسٹی روڈ میں 3.5 ملی میٹربارش ہوئی۔
اس کے علاوہ سعدی ٹاؤن میں 1.5،جناح ٹرمینل پر 0.8 ، ڈی ایچ اے 0.6 اور سب سے کم بارش اولڈ ائیرپورٹ پر 0.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سسٹم کراچی پر اثرانداز ہوچکا ہے اور اسکے زیراثر کراچی میں آج بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے جسکے بعد مون سون کا موجودہ سسٹم ختم ہوجائے گا۔