پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جرائم پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ شہرقائد میں 2 مختلف مقامات پر پیٹرول پمپ کے عملے سے ڈاکو لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پاکستان بازار تھانے کی حدود میں ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ مسلح ملزمان پیٹرول پمپ کے کیشیئر سے 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ کا کیشئرر قم بینک میں جمع کروانے جارہا تھا۔ پولیس نے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں بھی ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ سائٹ ایریا میں پیٹرول پمپ کا کیش لے جانے والےعملے سے ڈاکو80 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کیماڑی واردات کی اطلاع پر موقع پر پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ پمپ عملے سےہونے والی واردات مشکوک ہے،عملہ بغیرسیکیورٹی گارڈ کے پیسوں کا بیگ لے کرنکلا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عملے کے مطابق دو ملزمان آئے اور بیگ چھین کرفرار ہوگئے، واردات سے متعلق پمپ کے عملے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔