پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں 12 نومبر کو ملینیئم مال کے مقام پر جلسہ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے عوام سے بڑی تعداد میں جلسے میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کی سیکریٹری اطلاعات فلک الماس کا کہنا ہے کہ کراچی میں 12 نومبر کو تحریک انصاف کی جانب سے عظیم الشان جلسے کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس میں شہرِ قائد کے عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق کراچی کی ترقی اور اخلاقی تباہی میں ایم کیو ایم اور پی پی پی کا سب سے بڑا کردار ہے، کراچی میں حکمرانی کرنے والوں نے صرف اپنی جیبیں بھرنے پر توجہ دی، صوبائی حکومتوں نے اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہ کرکے کراچی سےوہ ذیاتیاں کیں جو سوتیلی ماں بھی نہیں کرتی۔
کراچی میں مقامی اداروں کے نام پر جاری فنڈز صرف کرپشن کی نذر ہوئے ہیں، 30 سال سے اقتدار کے مزے لوٹنے والے بھی آج بھولے بادشاہ بن رہے ہیں، کراچی شہر کو ایسی توانا آواز کی ضرورت ہے جو کراچی کے عوامی مسائل پر کھل کر بات کرسکے۔
میڈیا سیل سے جاری بیان میں پی ٹی آئی رہنما و ترجمان کراچی فلک الماس نے مزید کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس نے کراچی کے مسائل کو ایوانوں میں اٹھایا، کراچی کیلئے خصوصی فنڈز کا اجراء ہو یا پھر وفاقی اسکیموں میں کراچی کا حصہ، ہر فورم پر کراچی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے صوبائی حکومتوں سے مضاہمت کی۔
ماضی میں کراچی شہر بارشوں میں ڈوب جایا کرتا تھا ، اُن حالات کے پیش نظر تحریک انصاف نے کراچی کے تین بڑے نالوں کی صفائی کے کام کا بیڑا اٹھایا، کراچی میں ایک طویل مدت سے عوام کیلئے سفری سہولیات موجود نہیں تھی ، پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں گرین لائن جیسی عوام کیلئے معیاری سفری سہولت کا بندوبست کیا گیا۔
کراچی میں مسلط ہونے والی سیاسی جماعتوں نے کراچی کو مسائل کی آماجگاہ بنانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی،صحت عامہ، بلدیات اور متنوع مسائل کے ساتھ ساتھ شہر قائد کو ماحولیاتی بے احتیاطی نے بھی اپنے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کراچی ہمیشہ دو اہم مسائل کی وجہ سے دیگر مشکلات کا شکار رہا ہے، جس میں ایک ٹریفک کا مسئلہ اور ناقص رہائش گاہوں کے بے ترتیبی سے بڑھنا شامل ہے، جس نے شہر پر کئی سماجی مسائل کو بڑھایا۔
پی ٹی آئی انفارمیشن سیکرٹری کراچی فلک الماس نے مزید کہا کہ 12 نومبر کو ہونے والے کراچی جلسے میں شہریوں کو بھرپور تعداد میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، کراچی کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ کراچی کی حقیقی آواز صرف چئیرمین پی ٹی آئی کی جماعت ہے۔
کراچی کی تاجر برادری، طلباء، ڈاکٹرز، وکلا سمیت ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی شرکت اور اتحاد پی ٹی آئی مخالف کو یہ پیغام دے گا کہ کراچی جاگ گیا ہے۔
کراچی کی عوام اب کسی جھوٹ سے متاثر نہیں ہوں، کراچی کی عوام کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر کراچی کو اُس کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا، پی ٹی آئی کیخلاف ہونے والی سیاسی انتقامی کاروائیاں پی ٹی آئی کی عوام سے محبت کو کبھی ختم نہیں کرسکتیں۔