شہرقائد میں شدید گرمی کے پیش نظر کمشنر کراچی محمداقبال میمن کی ہدایات پر تمام اضلاع میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے ہیٹ ویو اسٹروک ریلیف کیمپس قائم کردئے گئے ہیں۔ کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنر کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایات کردی ہیں۔
کمشنر کراچی محمداقبال میمن کی ہدایات پر کراچی کے تمام اضلاع میں فرسٹ رسپانس سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام کے مطابق ضلع ملیر میں 10 ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں جن میں ٹھنڈے پانی، طبی امداد کا سامان اور طبی عملہ موجود ہے۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی عبدالستار عیسانی کے مطابق ضلع جنوبی میں 30 سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جس میں سے 12 سرکاری اسپتالوں کے تعاون جبکہ 18 غیرسرکاری تنظیموں کے تعاون سے بنائے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شرقی آصف صدیقی نے ضلع شرقی میں 10 ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپس قائم کرنے کی رپورٹ ارسال کی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر غربی زین العابدین انصاری کے مطابق ضلع غربی میں 14 سینٹرقائم کئے گئے ہیں جس میں سے 6 ہیٹ اسٹروک سینٹر، 4 ہیٹ اسٹیبالائزیشن اور 4 پرائیوٹ اندر ریلیف سینٹرز ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحٰہ سلیم کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں 11 ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ طبی امداد کیلئے 11 اسپتالوں میں دو دو بیڈز کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔
کمشنر کراچی محمداقبال میمن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ ریلیف کیمپس قائم کرنے کے ساتھ ، پانی کی سبیلیں لگائی جائیں۔
طبی امداد کی فراہمی کیلئے طبی عملہ ہروقت موجود ہونا چاہئے، تمام ڈپٹی کمشنرز قائم کئے جانے والے سینٹرز کا خود دورہ کرکے معائنہ کریں اور انتظامات کا جائزہ لیں۔