پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سردیوں کے بعد اب گرمیوں میں بھی گیس کی کمی کا سامنا ہے۔ دن کے اوقات میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں گیس کا بحران سنگین ہوگیا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے گیس کے نظام میں فنی خرابی کے باعث گیس کی سپلائی متاثر ہوگئی ہے اور شہر کو 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی کا سامنا ہے۔
شہرقائد میں ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کی کمی کو پورا کرنے کیلئے دن کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں دوپہر 2 سے شام 5 بجے تک گیس کی لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایس جی سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دن کے اوقات میں لوڈشیڈنگ وقتی ہے اور گیس سپلائی بہتر ہوتے ہی دن میں لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی۔
کراچی میں گزشتہ روز اچانک دوپہر میں گیس بند ہوگئی تھی۔ ناظم آباد، سہراب گوٹھ، کاٹھور، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی، کورنگی سمیت شہر کے متعدد علاقوں کو گیس کی بندش کا سامنا رہا۔
واضح رہے کراچی میں رات 11 سے صبح 7 بجے تک لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے اور اب دوپہر میں بھی لوڈشیڈنگ کے ساتھ کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 11 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔