گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے مفت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے کورسز کرانے کا اعلان کیا تھا اور اب منصوبہ کو عملی جامہ پہنانا بھی شروع کردیا ہے۔
گورنر سندھ کی جانب سے کرائے جانے والے آئی ٹی کورس کیلئے 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے رجسٹریشن کروالی ہے جنہیں ایک ٹیسٹ کے بعد داخلہ دیا جائے گا۔
آئی ٹی کورس کیلئے سب سے پہلے آپکو رجسٹریشن کروانی ہوگی اسکے لئے آپکو گورنر سندھ کی ویب سائٹ www.governorsindh.com پر جانا ہوگا۔
اس ویب سائٹ پر رجسٹریشن کیلئے اندراج کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے کورس کی بھی تمام تفصیلات درج ہیں۔ گورنر ہاؤس میں 9 اقسام کے آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے جس میں سے 3 کور کورسز جبکہ 6 ایڈوانس کورسز ہیں۔
کور کورسز میں Programming Fundamentals، Web2 Using NextJS، Earn as You Learn شامل ہیں۔
جبکہ ایڈوانس کورسز میں Web 3 and Metaverse، Cloud-Native Computing، Artificial Intelligence (AI) and Deep Learning، Ambient Computing and IoT، Genomics and Bioinformatics اور Network Programmability and Automation شامل ہیں۔
یہ تمام کورسز 13 ہفتے میں مکمل کروائے جائیں گے۔ رجسٹریشن کیلئے ویب سائٹ پر موجود اپلائی کے لنک پر کلک کرنا ہوگا جسکے ایک نیا پیج کھلے گا جس میں تمام کوائف درج کرنے ہوں گے۔ جس میں نام، والد کا نام، ای میل، شناختی کارڈ یا ب فارم نمبر، فون نمبر ، شہر، تاریخ پیدائش، جنس اور تعلیم کا اندراج کرنا ہوگا۔
تمام معلومات درج کرنے کے بعد جیسے ہی سب مٹ پر کلک کرکے معلومات کا اندراج کیا جائے گا تو آئی ٹی کا کورس کرنے کے خواہش مند شہری کو ایک ایڈمٹ کارڈ جاری کردیا جائے گا۔
یہ ایڈمٹ کارڈ اور اصل شناختی کارڈ یا ب فارم ٹیسٹ کے دن لازمی ساتھ لانا ہوگا۔ ٹیسٹ کی تاریخ سے متعلق شہریوں کو انکے درج کردہ ای میل ایڈریس پر آگاہ کردیا جائے گا۔
ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے شہریوں کو گورنرہاؤس میں مفت آئی ٹی کے کورسز کروائے جائیں گے جسکے لئے گورنر ہاؤس میں فی الحال ایک جدید طرز کا مارکی قائم کیا جارہا ہے جس میں 4 ہزار کمپیوٹر نصب کئے جائیں گے۔
گورنر سندھ کی ویب سائٹ پر درج معلومات کے مطابق شہری یومیہ پانچ ہزار ڈالر تک کماسکتے ہیں۔ ویب سائٹ پر نوکریوں کیلئے بھی ایک علیحدہ لنک بنایا گیا ہے جس میں جلد نوکریوں اور انٹرشپ سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔