کراچی میں گرین لائن کےبعد ایک اور جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ

کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے جلد ایک جدید ٹرانسپورٹ کا منصوبہ شروع کئے جانے کا امکان ہے۔ برسوں سے جدید سفری سہولیات سے محروم کراچی کے شہری گرین لائن کے بعد جلد ایک اور جدید بسیں شہر میں چلتی دیکھیں گے۔

 

سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی حکومت کی پیپلز بس سروس کا پروجیکٹ تیار ہے اور چینی کمپنی کی تیار کردہ 250 ہائیبرڈ الیکٹرک بسیں کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں جلد رواں دواں ہوں گی۔

 

منصوبہ کے مطابق یہ بسیں کراچی ، حیدرآباد ، سکھر ، لاڑکانہ ، میرپور خاص اور شہیدبےنظیرآباد میں چلائی جائیں گی۔ کراچی میں ابتدائی طور پر سندھ حکومت کی بس سروس کے لئے 2 روٹ ہوں گے۔

 

ایک روٹ ماڈل کالونی سے ٹاور تک 29.5 کلومیٹر جبکہ دوسرا ناگن چورنگی سے سنگر چورنگی تک 33 کلومیٹر طویل ہوگا۔ یوپی موڑ کے قریب 6.7 ایکٹر رقبہ پر بس ڈپو بھی بنایا جائےگا۔ منصوبہ کے مطابق دوسرے مرحلہ میں مزید 200 جدید بسیں کراچی کے 6 روٹ پر چلائی جائیں گی۔ 

 

پاکستان کے دوست ملک چین میں ان جدید بسوں کی تیاری اور ٹیسٹنگ مکمل کرلی گئی ہے۔ بسیں تیار کرنے والی چینی کمپنی نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام دیا کہ بسوں کی پہلی کھیپ کی تیاری اور ٹیسٹنگ مکمل ہوگئی ہے۔ جلد ہی یہ بسیں پاکستان پہنچادی جائیں گی۔

 

پہلے مرحلہ میں چینی کمپنی کی جانب سے 250 بسوں کی کھیپ پہنچائی جائے گی۔ واضح رہے چند روز قبل ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب نے بھی بتایا تھاکہ سندھ حکومت کی جانب سے شہر کراچی کو 250 جدید بسوں کا تحفہ دیا جائےگا۔

 

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts