پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ہرگزرتے دن کے ساتھ کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی کورونا کی لپیٹ میں ہے جہاں مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر قائد میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 41.06 ریکارڈ کی گی۔کراچی میں بدھ کے روز کورونا کی تشخیص کے لئے 7670 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 3149 افراد مہلک وائرس میں مبتلا پائے گئے۔
ملکی سطح پر کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 11فیصد ریکارڈ کی گئی۔ عالمی وبا میں مبتلا6808 نئے مریض سامنے آئے۔پاکستان میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 13لاکھ 45ہزار801ہوچکی ہے۔