پاکستان کے سب سے بڑی شہر اور معاشی حب کراچی میں کورونا کیسز میں کمی آنے لگی ہے۔ شہر قائد ملک میں کورونا سے متاثرہ شہروں میں اب پہلے نمبر پر بھی نہیں رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 21 اعشاریہ 05 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں جمعہ کے روز مجموعی طور پر کورونا کے 7639 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 1608 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔ چند روز قبل کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 45 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی تھی۔
شہرقائد کے بعد کورونا نے اب خیبرپختونخوا کو نشانہ بنالیا ہے۔ گزشتہ روز پشاور میں سب سے زیادہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ریکارڈ کی گئی جہاں کورونا میں مبتلا افراد کا تناسب 27.84 فیصد رہا، مظفرآباد میں 25.35 فیصد ، مردان میں 23.92 فیصد اور نوشہرہ میں 23.83 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملکی سطح پر گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 31 فیصد رہی۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7963 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے۔ ملک میں مہلک وائرس سے متاثرہ کُل مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 10 ہزار 33 ہوچکی ہے۔