کراچی میں انسداد کورونا کی ویکسین لگانے کی رفتار تشویش ناک حد تک کم ہوگئی ہے۔ شہر میں 4 لاکھ ویکسین روزانہ کا ہدف ہے لیکن 20 فیصد افراد کو بھی روزانہ ویکسین نہیں لگ پارہی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 1 کروڑ 18 لاکھ 61 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔ اب تک صرف 46 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد کو ہی ویکسین کی دو ڈوز لگ سکی ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز سندھ میں کورونا وائرس کے 1952 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 9 مریضوں کا انتقال ہوا۔ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 18.60 فیصد ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز 6173 کورونا ٹیسٹ کئے گئے تھے جس میں سے 1148 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔