پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں کورونا کے وار تھم نہ سکے۔ شہر قائد میں مہلک وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہور ہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 15 فیصد سے بڑھ کر 18 فیصد سے بھی زائد ہوچکی ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز 4469 لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 805 افراد میں عالمی وبا کی تشخیص ہوئی۔ سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں اور سختیوں سے بچنے کے لئے عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔
ملکی سطح پر کورونا کے پھیلاؤ کی شرح3.33 فیصد ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز کئے گئے 43ہزار 540 کورونا ٹیسٹ میں سے 1467 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ جس میں سے 615 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز 2 افراد بھی کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہارگئے۔