کراچی میں ڈرائیور کی لاپرواہی نے ایک اور شخص کی جان لے لی۔ شہرقائد میں پیپلز بس کی رکشہ کو ٹکر کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
جیو نیوز کے مطابق شہرقائد میں نیو کراچی سلیم سینٹر کے قریب پیپلز بس نے 6 سیٹر رکشے کو ٹکر مار دی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوگئے، بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے پیپلز بس تحویل میں لے لی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز پیش آئے حادثے کے نتیجے میں زخمی رکشا سوار شخص دوران علاج دم توڑ گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ دانش کے نام سے ہوئی ہے جو ناگن چورنگی پر کپڑوں کا اسٹال لگاتا تھا۔
دانش واقعے کے وقت اسٹال لگانےجا رہا تھا، لواحقین نے لاش کوجناح اسپتال سے یو پی موڑ کے قریب واقع سرد خانے منتقل کیا ہے۔ حادثے کا مقدمہ نیو کراچی تھانے میں رکشا ڈرائیور زاہد کی مدعیت میں بس ڈرائیور کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، حادثے کا سبب بننے والی پیپلز بس سروس اور رکشے کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔