پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی حب کراچی میں ٹرانسپورٹ کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے۔ صبح اور شام کے اوقات میں شہر کی تمام اہم شہراؤں پر بدترین ٹریفک جام رہتا ہے اور وی آئی پی موومنٹ ہونے کی صورت میں شہری گھنٹوں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔
ٹرانسپورٹیشن اینڈ لاجسٹکس کی جانب سے شہر قائد میں ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کیا گیاہے جس کے تحت کے پی ٹی میں آنے والے کنٹینرز کو دوسری جگہ منتقل کردیا جائےگا۔
وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کی سربراہی میں کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پپری مارشلنگ یارڈ کے شروع ہونے کے بعد کے پی ٹی میں آنے والے تمام کارگو کنٹینرز کو بانڈڈ پپری مارشلنگ یارڈ میں منتقل کردیا جائے گا اور بانڈڈ پپری مارشلنگ میں مال اتارنے سمیت کسٹم کلیئرنس کی جائے گی۔
اس فیصلے سے کراچی کی سڑکوں پر بڑی گاڑیوں کے بھاری ٹریفک کے ہجوم میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ اجلاس میں ہیلی کاپٹر لائسنسنگ پالیسی، کے پی ٹی سے پپری ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور، پورٹ قاسم کراچی پر کیو فلیکس ویسلز، ہائیڈرو کاربن پر بندرگاہوں کی جانب سے وصول کیے جانے والے چارجز اور پورٹ قاسم میں پی بی آئی ٹی ٹرمینل سے نئے ریل لنک پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر بحری امور نے شرکاء کو مزید ہدایات جاری کیں کہ کمیٹی اگلے اجلاس میں تمام ایجنڈوں پر عمل درآمد کرے گی۔