سندھ حکومت نے کراچی میٹرک بورڈ کے نتائج میں ہونے والی مبینہ تبدیلیوں کا نوٹس لے لیا۔ سیکریٹری تعلیم سندھ کی سربراہی میں 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق جاری کردہ نوٹیفکیشن کہا گیا ہے کہ کمیٹی میٹرک کے حالیہ نتائج اور تبدیلیوں کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی سفارشات بھی دے گی تاکہ دوبارہ نتائج تبدیل نہ ہوسکیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی نتائج تبدیل کرنے والے افسران و ملازمین کا تعین کرےگی، کمیٹی 14 دن میں رپورٹ چیف سیکرٹری سندھ کو پیش کرے گی۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق طلبہ کے نتائج آئی ٹی سیکشن میں تبدیل کیے گئے اور آئی ٹی سیکشن نے یہ کام ناظم امتحانات کی ہدایت پر کیا۔ رواں سال تقریباً 2300 رول نمبرز کے نتائج تبدیل کیے گئے اور نتائج تبدیلی کیلئے فی رول نمبر 50 ہزار روپے ریٹ فکس کیا گیاتھا۔