شہرقائد میں جرائم اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں رواں سال اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ایسے میں پولیس جن ملزمان کو گرفتار کرتی ہیں انہیں ضمانت پر رہا کردیا جاتا ہے۔ کراچی میں موٹرسائیکل چوری کرنے والے کی بار بار ضمانت کروانے والے ایسے ہی ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل ( اے وی ایل سی ) نے کاروائی کرتے ہوئے عادی مجرموں کی ضمانت کروانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ای وی ایل سی کے گرفتار کئے جانے والے شخص کا نام زبیر ہے اور وہ موٹرسائیکل چوری کرنے والے ملزم شاہ رخ کی بار بار ضمانت کرواتا تھا۔
موٹرسائیکل چوری کرنے والے ملزم شاہ رخ کو جون 2021 میں سرجانی ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا۔ اگست 2021 میں مبینہ ٹاؤن اور نومبر 2021 میں سرسید تھانے سے گرفتار کیا گیا اور پھر جیل بھیجا گیا۔ لیکن ہر مرتبہ تمام مقدمات میں ملزم کی ضمانت زبیر نے ہی کروائی۔
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے گرفتار کئے جانے والے ضمانتی زبیر کے خلاف لانڈھی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور اسکے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔ کراچی پولیس کے مطابق عادی مجرموں کی بار بار ضمانت ہونا بھی جرائم میں اضافہ کی ایک بڑی وجہ ہے ۔
پولیس جرائم کرنے والوں کو گرفتار کرکے جیل بھیجتی ہے لیکن انہیں کچھ ہی عرصہ میں ضمانت مل جاتی ہے اور وہ پھر سے شہر میں جرائم کی وارداتوں میں مصروف ہوجاتے ہیں۔