پاکستان کے مختلف شہروں سمیت شہر قائد میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چند دنوں نے کراچی کے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور آنے والے دنوں میں بھی مزید گرمی کی پیشگوئی ہے۔
جنگ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہے لیکن کراچی شہر میں ہیٹ ویو نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے محسوس کئے جانے والے درجہ حرارت کی شدت موجودہ درجہ حرارت سے زیادہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ شہرقائد کا موجودہ درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہے۔ 13 اور 14 مئی کو درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا اور پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی کے علاوہ ملک کے مختلف حصے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔ بالائی اور وسطی سندھ، بالائی اور وسطی جنوبی پنجاب کے علاوہ بلوچستان میں بھی گرمی کی شدت معمول سے زائد ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ بالائی اور وسطی سندھ، بالائی، وسطی جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ہیٹ ویو 15 مئی تک رہ سکتی ہے۔