کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر کے اسپتالوں اور صحت مراکز پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں متوقع بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے، سندھ بھر میں 14 جولائی سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کے نتیجے میں محکمہ صحت نے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے تمام اسپتالوں اور صحت مراکز پر عملہ کی حاضری اور جان بچانے والی ادویات سمیت تمام ضروری سامان کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈی جی ہیلتھ نے کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام ڈی ایچ اوز اور ایم ایسز کو اسپتالوں کی ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال رکھنے کے احکامات دیے ہیں اور تمام ضلعی صحت کے دفاتر اور اسپتالوں میں کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت سندھ میں آج سے مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کا امکان ہے جسکے تحت صوبے بھر میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے اور شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے خدشہ کا بھی اظہار کیا ہے اور متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔