محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق یکم جولائی سے 4 جولائی تک کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں، جب کہ موسلا دھار بارش کے ساتھ اربن فلڈنگ کے خطرات ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اسپیشل ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کا حوالہ دیا گیا۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 3 سے 5 جولائی کے دوران کراچی اورحیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سمندری صورتحال کے باعث ماہی گیروں کومحتاط رہنےکی ہدایت کی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پیشگوئی کی مدت کے دوران بڑھتا ہوا درجہ حرارت کم ہونے کا امکان ہے۔ کراچی ، آندھی اور طوفان سے کمزور مقامات پر ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ممکنہ اربن فلڈنگ اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔
نکاسی آب کیلئے مشینیں اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے، ضروت مند افراد کی مدد کیلئے ایمرجنسی ہیلپ لائن، اسپتالوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی کیلیے جنرینٹر اور دیگر انتظامات کئے جائیں۔